امریکی عدالت کا اجیت ڈوول اورسمنت گوئل کیخلاف عدالتی سمن جاری کرنے کا حکم

نئی دہلی (دی وائر، خبر ایجنسیاں) امریکی عدالت نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق سربراہ سمنت گوئل کو عدالتی سمن بھجوانے کے لیے بھارتی عدالتوں کا راستہ اختیار کرنے کی اجازت دے دی۔

امریکی ریاست نیویارک کی جنوبی ضلعی عدالت کی جج کیتھرین پولک فیلا نے 9 نومبر کو جاری حکم میں کہا کہ عدالتی دستاویزات دہلی کی متعلقہ عدالتوں کے ذریعے دونوں بھارتی حکام تک پہنچائی جا سکتی ہیں۔ عدالت نے پنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 نومبر تک سمن کی ترسیل سے متعلق مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے 2024ء میں دائر کیے گئے دیوانی مقدمے میں بھارتی حکومت، اجیت ڈوول، سمنت گوئل اور دیگر افراد کو نامزد کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے امریکا میں انہیں قتل کرنے کی سازش کی۔ پنوں کا دعویٰ ہے کہ یہ سازش خالصتان تحریک سے ان کی وابستگی کے باعث کی گئی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق پنوں کے وکلا نے اجیت ڈوول کو امریکا میں عدالتی نوٹس پہنچانے کی تین مرتبہ کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔ اس کے بعد بھارتی وزارتِ قانون کے ذریعے دستاویزات پہنچانے کی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مقدمے اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اعلیٰ بھارتی حکام کے خلاف من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی حملے قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں عدالتی دستاویزات کی ترسیل کی درخواست صرف وزارتِ قانون و انصاف کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی عدالت کا تازہ حکم صرف عدالتی سمن بھجوانے کے طریقہ کار سے متعلق ہے، اس میں اجیت ڈوول یا دیگر بھارتی حکام کے خلاف عائد الزامات کو درست قرار نہیں دیا گیا۔