بہاولپور میں غیرملکی خاتون پر مبینہ تشدد، سسر گرفتار، شوہر فرار، متاثرہ خاتون دارالامان منتقل

بہاولپور (اے ڈی این نیوز) بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ میں غیرملکی خاتون پر مبینہ تشدد کے واقعے میں پولیس نے اس کے سسر کو گرفتار کرلیا، جبکہ خاتون کا شوہر فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے سسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کے شوہر نے اپنے والد کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اس پر تشدد کیا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اسے ماضی میں بھی کئی مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تاہم خوف کے باعث وہ پہلے کسی کو آگاہ نہیں کرسکی۔

پولیس نے گرفتار سسر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ فرار شوہر کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔دوسری جانب عدالتی حکم پر متاثرہ غیرملکی خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دارالامان منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے رہائش، طبی امداد اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔