واشنگٹن (العربیہ، رائٹرز) امریکی حکومت نے لبنانی قونصل جنرل ابراہیم شرارہ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے انہیں 48 گھنٹوں کے اندر امریکا چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ابراہیم شرارہ امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں لبنان کے قونصل جنرل تعینات تھے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے یہ فیصلہ ان سے منسوب 2021ء کی سوشل میڈیا پوسٹس کے سامنے آنے کے بعد کیا، جن میں 1983ء میں بیروت میں امریکی میرینز کی بیرکوں پر ہونے والے بم حملے کو مزاحمت قرار دے کر سراہا گیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا میں تعینات غیر ملکی سفارتی عملے سے متعلق معلومات اور قومی سلامتی کے خدشات کا مسلسل جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملوں کو سراہنے یا ان کا جواز پیش کرنے والوں کیلئے امریکا میں کوئی جگہ نہیں۔
رپورٹس کے مطابق 1983ء کے بیروت بم حملے میں 241 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے، جن میں 220 میرینز شامل تھے۔
دوسری جانب لبنان کے وزیرِ خارجہ یوسف رَجّی نے ابراہیم شرارہ کی جگہ ڈیٹرائٹ میں نیا سفارتی اہلکار بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان بین الاقوامی معاہدوں اور سفارتی روایات کی پاسداری کرتا ہے۔واضح رہے کہ ابراہیم شرارہ نے 2025ء میں ڈیٹرائٹ میں لبنانی قونصل جنرل کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

