نیو جرسی:ہیلی کاپٹرکےانجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے مے ڈے کال دے دی

نیو جرسی (ایسوسی ایٹڈ پریس) امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر بیون میں انجن میں ممکنہ خرابی کے باعث سیاحتی ہیلی کاپٹر کو ہنگامی طور پر بندرگاہ کے قریب سڑک پر اتار لیا گیا، حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ واقعہ منگل 10 نومبر کی صبح پیش آیا، جب فلائی نائیون کمپنی کا بیل 206 ایل 4 ہیلی کاپٹر معمول کی دیکھ بھال کی پرواز پر تھا۔ ہیلی کاپٹر میں 2 افراد سوار تھے۔

فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطے کے دوران پائلٹ نے انجن کی رفتار کم ہونے اور انجن بند ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے ہنگامی مدد کی اپیل کی اور کہا کہ اسے ہوائی اڈے سے باہر اتارنا ہوگا۔

ہیلی کاپٹر نے پورٹ جرسی میرین ٹرمینل کے قریب سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر کا پچھلا حصہ اور دم کا پنکھا الگ ہوکر قریب جا گرا، تاہم دونوں افراد محفوظ رہے۔

بندرگاہ کی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی اور قومی ادارہ برائے تحفظِ نقل و حمل نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔