گورنرز کے عہدے اور اُن کی ”اوقات“!

پاکستان میں ایک عذاب ختم نہیں ہوتا کہ دوسرا شروع ہو جاتا ہے،،، اور اوپر سے یہ نام نہاد عہدے،،، جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے،، ان میں گورنر ز کے آئینی عہدے صرف اور صرف عوام پر بوجھ ہیں،،، کیوں کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بلوں اور دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، دوسری طرف حکمران طبقے کے شاہانہ اخراجات پر عوام سوال اٹھا رہے ہیں۔عوام پوچھتی ہے کہ آخر یہ نظام کب بدلے گا؟ تبدیلی صرف حکومتیں اور چہرے بدلنے کا نام ہے یا حکمرانوں کے طرزِ زندگی، سرکاری اخراجات اور مراعات میں بھی حقیقی تبدیلی آئے گی؟ملک میں حقیقی اصلاحات کا آغاز اسی وقت ہوگا جب حکمران اور طاقتور طبقے بھی سادگی، کفایت شعاری اور عوام کے برابر قانون و احتساب کے اصول اپنائیں گے۔عوام کو صرف قربانی کا درس نہ دیں، خود بھی قربانی کی مثال قائم کریں! تاکہ عوام خوشحال ہو سکے! خیر بات ہو رہی تھی گورنرز کے عہدوں کی تو جنوبی ایشیا میں برطانوی استعمار اور نو آبادیاتی نظام کی، جو باقیات رہ گئی ہیں، ان میں سے ایک کا نام ”گورنر“ بھی ہے۔ کیا ہمیں آج بھی اس عہدے پر عوام کے کروڑوں روپے خرچ کرنے کی ضرورت ہے؟ ویسے تو باقی سبھی آئینی عہدے یا تو عوام یا منتخب نمائندوں کے ذریعے چ±نے جاتے ہیں یا ان کی تقرری کے لیے کوئی پیمانے ہوتے ہیں۔ فقط گورنر ایک ایسا عہدہ ہے، جس پر براجمان ہونے کے لیے بس برسر اقتدار پارٹی سے یا پھر طاقتور افراد کے ساتھ” اچھا رشتہ“ ہونا چاہیے۔

اور پھر نہلے پر دہلا یہ کہ جو کوئی بھی گورنر بن جاتا ہے،،، پھر اُس کا اگر دماغ خراب نہ ہو تو ایسا کیسا ہو سکتا ہے؟ آپ کے پی کے میں گورنر راج کو دیکھ لیں،،، وہاں فیصل کریم کنڈی گورنر ہیں،،، اور شاہ سے بڑھ کر شاہ کے وفادار بنے ہوئے ہیں،،، اور سابقہ کے پی کے حکومت پر ایسے ایسے الزامات لگا رہے ہیں کہ جن کا سرپیر ہی کوئی نہیں ہے،،، جیسے گزشتہ روز پشاور میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے عہدیداران سے ملاقات میں اُن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے الزام عائد کیا کہ 2013ءمیں (یعنی پیپلزپارٹی کے دور کے اختتام پر) کے پی کے میں امن و امان قائم ہو چکا تھا،،، مگر بعد میں آنے والی حکومت(تحریک انصاف) نے وہاں سب کچھ برباد کر دیا،،، انہوں نے کہا کہ 2008 سے 2013 کے دوران جب صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی مخلوط حکومت تھی اور وفاق میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو ملک کو بارود، خودکش دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مسائل کا سامنا تھا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس وقت یہ خدشات ظاہر کیے جاتے تھے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے دوسری جانب موجود دہشت گرد کسی بھی وقت اسلام آباد پر حملہ کرسکتے ہیں۔ اس دور میں امن کی بحالی کیلئے اقدامات کیے گئے اور سوات میں تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سے پہلے عوام کو اعتماد میں لیا گیا، جس کے بعد سوات سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی۔ دہشت گردوں سے علاقے کو پاک کرنے کے بعد متاثرین کو دوبارہ اپنے علاقوں میں آباد کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف میڈیا، سیاست دانوں، فوج یا پولیس کی جنگ نہیں بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے۔حالانکہ وہ اُس وقت ہونے والے ڈرون حملوں کو بھی نہیں بھولے اور کہا کہ ڈرون حملے انتہائی مجبوری کی صورتحال میں کیے جاتے تھے اور سال میں کبھی کبھار کسی انتہائی اہم ہدف کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔ ان حملوں پر صوبائی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا جاتا اور قراردادیں بھی منظور ہوتی تھیں، لیکن دہشت گردوں کی جانب سے کواڈ کاپٹر حملوں کے معاملے پر اسمبلی میں کبھی قرارداد پیش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے بھی درست نہیں تھے کیونکہ ان میں شہری شہید ہوتے تھے، تاہم بعض اوقات مجبوری کے تحت ایسے اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ دوسری جانب دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر حملوں میں فوجی اہلکاروں، پولیس اور شہریوں کی شہادتوں پر بھی آواز اٹھائی جانی چاہیے تھی۔ویسے یہ بھی اُن کی مہربانی ہے کہ اُنہوں نے تھوڑی بہت مذمت اپنے دور میں ہونے والے ڈرون حملوں کی کردی لیکن وہ یہاں بھی نہ رُکے اور افغانستان سے متعلق کہہ دیا کہ سہیل آفریدی حکومت افغان حکومت کی دھمکیوں کا موثر جواب دینے سے گریزاں تھی،،، اور احتیاط کرتی تھی کہ افغان طالبان کے ساتھ اُن کے تعلقات خراب نہ ہوں،،، اب بندہ پوچھے کہ افغانستان یا کوئی بھی دوسرا ہمسایہ ملک اگر آپ کو دھمکی دیتا ہے، یا کوئی پالیسی بیان جاری کرتا ہے تو اُس کا جواب دینا صوبائی حکومت کا کام نہیں بلکہ وفاقی حکومت (وزارت خارجہ )کا کام ہوتا ہے،،، فرض کریں اگر کے پی کے حکومت اُس وقت جواب دے دیتی تو وفاق نے کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی پالیسی نہیں ہے،،، کے پی حکومت ایسے بیانات سے گریز کرے،، وغیرہ انہوں نے سابقہ حکومت پر مزید الزامات لگائے اور سوال پوچھا کہ صوبے میں کتنے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے، اس بارے میں کسی کو بتایا ہی نہیں جاتا تھا۔ صوبائی حکومت نے ایپکس کمیٹی کے کتنے اجلاس بلائے؟ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ، کور کمانڈر، آئی جی ایف سی، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری سمیت تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان شریک ہوتے ہیں، لیکن سابق حکومت نے اس حوالے سے صرف ایک اجلاس بلایا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومتی نمائندے کبھی کبھار اجلاسوں میں شرکت کرتے تھے، اندر کچھ اور بات کرتے اور باہر آکر مختلف مؤقف اختیار کرتے تھے۔ صوبے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتیں ہوتی رہیں، لیکن ان کے جنازوں میں صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوتا تھا۔ کسی شہید اہلکار کے جنازے میں حکومتی قیادت کی شرکت سے اہل خانہ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، اس سے فورسز کا حوصلہ بھی بڑھتا ہے۔

بہرحال گورنر کے پی کے اس وقت جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں،،، لیکن اُنہیں ایسا کرنے سے پہلے اپنے اعدادو شمار درست کر لینے چاہیے تھے،،، تاکہ وہ صحیح انداز میں تصویر کشی کر لیتے،،،کاش! گورنر ہی پڑھا لکھا لگا دیتے،،، کم از کم اُسے بیان دینے کا تو پتہ ہوتا کہ کونسا بیان کس وقت دینا ہے،،، لیکن وہ یہ سب کچھ کیسے کرتے ؟ ویسے بھی یہ عہدہ پاکستان میں کسی میرٹ پر نہیں بلکہ خوشامد یں کرکے،،، بغیر کسی میرٹ کے ہوتا ہے،،، یعنی اس کا بنیادی میرٹ ہی خوشامد ہے،،، اور پھر گورنر بننے کے بعد یہ لوگ پھر اپنے آپ کو ایسا دانشور سمجھنا شروع کر دیتے ہیں کہ پھر پکڑائی ہی نہیں دیتے۔ اور ایسے ایسے بیانات داغ دیتے ہیں کہ یہ اپنے آپ میں خود ہی ایکسپوز ہو جاتے ہیں،،، اس لیے سوال تو سب سے پہلے یہ بنتا ہے کہ گورنر کی کوالیفیکیشن کیا ہوتی ہے؟ آپ سندھ کے گورنرکو دیکھ لیں،، وہاں اچھا بھلا کامران ٹیسوری عوامی فلاحی منصوبے متعارف کروا رہا تھا،،، لیکن اُس کا قصور تھا کہ وہ عوام میں مقبول ہو رہا تھا،،، اور اُس کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا،،، اور یہ بات پیپلزپارٹی کو ناگوار گزر رہی تھی،، اس لیے پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے کہہ کر وہاں کا نہ صرف گورنر بدلا،،، بلکہ ایک ایسے شخص کو وہاں گورنر لگا دیا جس پر ماضی میں بے تحاشہ الزامات لگتے رہے ہیں،،، اور ان موصوف کا نام نہال ہاشمی ہے،،، اگر ان کے بارے میں کسی کو یاد نہیں تو مشرف دور کو یاد کر لیں۔

بہرحال ہمارے ہاں گورنرز کا عہدہ ایک ربڑ سٹیمپ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،،، یہ انگریز کے بنائے ہوئے قوانین میں سے ایک ہے،، ان کا کیا فائدہ؟ ،،، بلکہ فائدے کے بجائے گورنرز کے عہدوں کا صرف نقصان ہوتا ہے،،، ان کے شاہانہ پروٹوکولز،،، ہم مقروض ملک ہیں،،، ہم غریب ملک ہیں،،، ان کا فائدہ آخر کس طرح سے عوام کو ہے؟ ان کے گورنر ہاﺅسز میں چلے جاﺅ،،، آگے پیچھے گھومتے ملازم، خوبصورت لان اور پروٹوکول ایسے ہوتا ہے کہ لگتا یہی ہے کہ آپ کسی دوسری دنیا میں آگئے ہیں،،، گورنر صاحب جب باہر نکلتے ہیں تو سپر لگژری گاڑیوں کی قطاریں ساتھ میں چلتی ہیں۔ اور یہ صرف کے پی کا ہی قصہ نہیں ہے بلکہ پاکستان کے ہر صوبے میں یہ گورنر ہاﺅسز اتنے دلکش اور پرتعیش بنے ہیں کہ جب گورنر صاحب کی معیاد ختم ہوتی ہے اور ان کو یہ گھر خالی کرنا پڑتا ہے، تو جیسے ان کے جسم سے کوئی روح نچوڑ لیتا ہے۔

دراصل یہ عہدہ برطانوی دورکا ہے،،، جب گورنر صوبوں کا نظم و نسق چلانے کے لئے ایک اہم کارندہ ہوتا تھا۔ گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935ءکے تحت بغیر کسی وزیر کے مشورے کے اپنی صوابدید پر کچھ بھی کام کر سکتا تھے۔ وہ اپنی انفرادی حیثیت میں کام کرتے ہوئے، اپنے وزراءکے مشورے پر عمل کرنے کا پابند نہیں تھے۔ آج بھی صوبوں کے وزیر اعلیٰ کونسل کے مشورے پر عمل کرنے کے بجائے گورنر کھلے عام تصادم مول لیتے ہیں۔ ماضی میں تو گورنروں نے صوبائی حکومتوں کو برخاست کیا ہے۔ اس وقت بھی مرکز میں برسراقتدار سیاسی جماعتیں اپوزیشن کے اقتدار والی ریاستوں میں گورنر کے عہدے کا کھلم کھلا غلط استعمال کر رہی ہے۔ اور یہ مسئلہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بھارت میںبھی ہے،،، وہاں بھی اپوزیشن والی صوبائی حکومتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے گورنر کے دفتر کا استعمال کیا جاتا ہے۔

بہرکیف پاکستان ہو یا بھارت گورنر کا عہدہ عوامی بجٹ اور نظام پر ایک بھاری بوجھ ہے، جس کو عوام کے اوپر زبردستی مسلط کیا گیا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ اس بوجھ سے چھٹکارا پا کر کروڑوں روپے بچائے جائیں اور ان بھاری رقوم کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے۔بلکہ صدرِ پاکستان، آرمی چیف، چیف جسٹس، وزیراعظم، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، کور کمانڈرز، چیف سیکرٹریز، آئی جیز، کمشنرز اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے لیے سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل سرکاری رہائش گاہیں کیوں ضروری ہیں؟کیا یہ تمام شخصیات 10 کنال کے مناسب بنگلوں میں نہیں رہ سکتیں؟ ایک شخصیت کے پیچھے سو گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کیا کم نہیں کیا جا سکتا؟ کیا سکیورٹی اور سرکاری ذمہ داریاں سادگی اور کفایت شعاری کے ساتھ پوری نہیں ہو سکتیں؟سب کچھ ہو سکتا ہے ،،لیکن ہم نے کرنا نہیں ہے،،، کیوں کہ سادگی کا درس صرف اور صرف عوام کیلئے ہے،،، اشرافیہ کیلئے نہیں!