اسلام آباد:پیٹرول 458.41اور ڈیزل کی نئی قیمت 520.35روپے مقرر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 137.24 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 458.41 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184.49 روپے کا اضافہ کیا گیا ہےاور نئی قیمت 520.35 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور یہ رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی جنگ اور توانائی کی عالمی منڈی میں ریکارڈ اضافہ کے باعث یہ مشکل لیکن ذمہ دارانہ فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم کے ذریعے کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی، اور قوم کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ایندھن کی سپلائی بنیادی طور پر آبنائے ہرمز سے آتی ہے اور عالمی سطح پر توانائی کے بحران نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے۔ حکومت نے کوشش کی کہ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے اور ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت بلینکٹ سبسڈی ختم کر کے ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل کیلئے ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائیگی،انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی جبکہ ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کو سبسڈی دی جائے گی تاکہ کرایوں کو قابو میں رکھا جا سکے اور ایندھن کی بچت اور بجلی کی پیداواری لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں کے اوقات کار پر نظر ثانی کی جائے گی۔