تہران (رائٹرز) ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی حملے کے بعد اہواز میں واقع شہید بقائی بچوں کے کینسر اسپتال کو ہنگامی طور پر خالی کرانا پڑا اور زیرِ علاج 211 بچوں کو فوری طور پر دوسرے طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسپتال کے قریب امریکی حملے کے باعث کیموتھراپی سے گزرنے والے بچوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت فوری طور پر منتقل کرنا پڑا۔ ان کے بقول یہ کارروائی بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے شدید ذہنی اذیت اور خوف کا باعث بنی۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے حملے کو “جنگی جرم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انسانی حقوق کا پرچار کرنے والے ممالک اسپتالوں اور مراکزِ صحت کو نشانہ بنائے جانے پر دانستہ خاموشی اختیار کرتے ہیں، جس سے ان کی اخلاقی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

