ٹورنٹو(اشرف خان لودھی سے)اسکاربورو ساؤتھ ویسٹ میں اونٹاریو لبرل پارٹی کی سخت مقابلے والی نامزدگی میں بزنس مین احسن الحفیظ نے کامیابی حاصل کر لی اور نیٹ ایرسکین اسمتھ کو شکست دے دی۔پارٹی کے مطابق اس نامزدگی میں قدیرہ جیکسن اور محمودہ نسرین بھی امیدوار تھیں، جبکہ ووٹنگ رینکڈ بیلٹ سسٹم کے تحت ہوئی۔
کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے احسن الحفیظ نے ووٹرز اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی یہی ہے کہ سب کی محنت شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سخت اور دباؤ والا مقابلہ تھا جس میں انہیں خود بھی نیند نہیں آئی۔رپورٹس کے مطابق احسن الحفیظ کا تعلق کاروباری شعبے سے ہے اور وہ اونٹاریو میں ڈومینوز پیزا کی متعدد فرنچائزز چلاتے ہیں۔

دوسری جانب نیٹ ایرسکین اسمتھ نے نتیجے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ممکنہ طور پر چیلنج کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کے دوران غیر معمولی صورتحال اور ووٹرز کی شناخت سے متعلق مسائل دیکھنے میں آئے، تاہم ان کے چیف اسکریٹنیئرز نے نتائج کی توثیق کی۔البتہ احسن الحفیظ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پورا عمل شفاف تھا اور پارٹی نے بہترین انتظامات کیے۔
پارٹی کے مطابق اس مقابلے میں جیکسن اور احسن الحفیظ کے درمیان غیر رسمی اتحاد بھی دیکھا گیا تاکہ ایرسکین اسمتھ کی جیت کو روکا جا سکے۔یہ نامزدگی ایسے وقت میں ہوئی جب صوبائی نشست اس وقت خالی ہوئی جب سابق ایم پی ڈولی بیگم نے استعفیٰ دے کر وفاقی سیاست میں شمولیت اختیار کی۔اونٹاریو لبرل پارٹی کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ اسکاربورو ساؤتھ ویسٹ میں عوام بڑی تبدیلی کیلئے تیار ہیں اور اب پارٹی آئندہ ضمنی انتخاب کی طرف جائے گی۔

