ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)نیٹ ایرسکین اسمتھ نے اسکاربورو ساؤتھ ویسٹ میں اونٹاریو لبرل پارٹی کی نامزدگی کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے باضابطہ اپیل دائر کر دی ہے۔ نیٹ ایرسکین اسمتھ نے منگل کے روز پارٹی کو اپیل نوٹس جمع کرایا، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ نیٹ ایرسکین اسمتھ کو اس نامزدگی مقابلے میں احسن الحفیظ کے ہاتھوں صرف 19 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔نتائج کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں ووٹنگ کے دوران ووٹر شناخت اور دیگر امور پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جسے اب انہوں نے اپنی باضابطہ اپیل میں بھی شامل کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اپیل میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد اور رجسٹرڈ ووٹرز کے درمیان ممکنہ تضاد موجود ہے، جس کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر نے نتائج کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے تحت اعلان کردہ نتائج برقرار ہیں اور اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ پارٹی کے رسمی طریقہ کار کے ذریعے شواہد کے ساتھ پیش کرے۔
نیٹ ایرسکین اسمتھ فیڈرل حلقہ بیچز-ایسٹ یارک کی نمائندگی کرتے ہیں اور سابق وفاقی کابینہ رکن بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2023 کی اونٹاریو لبرل قیادت کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر آئے تھے۔
اسکاربورو ساؤتھ ویسٹ کی نشست اس وقت خالی ہے اور اس کیلئےبائی الیکشن اگست سے پہلے متوقع ہے، تاہم اس کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔پی سی پارٹی نے ابھی تک اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا جبکہ این ڈی پی نے فاطمہ شعبان کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

