الجزائر(وزارتِ دفاع الجزائر، رائٹرز،اے پی) الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد امارات میں رجسٹرڈ تمام شہری اور فوجی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کردیا۔
الجزائری وزارتِ دفاع کے مطابق پابندی 11 ستمبر سے نافذ ہوگی، تاہم الجزائر آنے اور جانے والی اماراتی تجارتی پروازوں کو رواں سال کے اختتام تک استثنیٰ حاصل رہے گا۔ موجودہ فضائی خدمات کا معاہدہ بھی سال کے آخر میں ختم ہوجائے گا۔
الجزائر نے 10 ستمبر کو متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ الجزائری وزارتِ خارجہ نے امارات کے بعض اقدامات کو اشتعال انگیز اور معاندانہ قرار دیا تاہم تعلقات ختم کرنے کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی۔ امارات نے الجزائر کے فیصلے کو عارضی قرار دیے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چند برس کے دوران کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ الجزائر نے رواں سال فروری میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2013ء میں طے پانے والے فضائی خدمات کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا عمل بھی شروع کردیا تھا۔

