حوثیوں کا باب المندب کے علاقے پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ، اہم جزیرے اور ساحلی علاقوں پر قبضہ

صنعا(اے ایف پی، رائٹرز، گارڈین) یمن کی انصار اللہ کے سینئر رہنما محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی فورسز نے باب المندب کے علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ایرانی اور حوثی ذرائع کے مطابق حوثیوں نے مغربی صوبے تعز میں کئی اہم علاقوں کے علاوہ خالد بن ولید فوجی اڈے سمیت متعدد فوجی تنصیبات پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ حوثی فورسز نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہ المخا پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا، جس کے بعد وہ باب المندب کے انتہائی قریب پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حوثی فورسز نے باب المندب کے درمیان واقع اہم جزیرے پر بھی قبضہ کرلیا ہے، جس سے انہیں آبنائے کے دونوں اطراف بحری آمدورفت پر اثرانداز ہونے کی پوزیشن حاصل ہوگئی ہے۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق مقامی حکام اور عینی شاہدین نے بھی جزیرے پر حوثیوں کے قبضے کی تصدیق کی ہے۔

باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحر ہند سے ملانے والی انتہائی اہم آبی گزرگاہ ہے، جہاں سے عالمی بحری تجارت کا تقریباً 10 فیصد گزرتا ہے۔ حوثیوں کا یہاں مضبوط کنٹرول سعودی عرب کی تیل برآمدات اور عالمی بحری تجارت کیلئے بڑا تزویراتی خطرہ بن سکتا ہے۔