ابوظبی( اماراتی حکام، خلیجی میڈیا)متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی میں گرفتار 13 ملزمان کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے جبکہ نیٹ ورک کا سرغنہ بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد سلیم (بھارت)، افضل پاشی (بھارت)، جاواری جول (پاکستان)، مصطفیٰ محمود (مصر)، قاسم علی (ایران)، جانیش فابیا (بھارت)، مانیکنڈن شیرباکادیکال (بھارت)، محمد پرویز (ایران)، سید بلال (پاکستان)، محمد ریاض (بھارت)، الفرید سلیو (بھارت)، محمد عقیل (سری لنکا) اور میثم محمد (ایران) شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک کے تحت کام کر رہے تھے اور انہیں بیرون ملک موجود سرغنہ کی ہدایات موصول ہوتی تھیں، جسے بعد ازاں گرفتار کرکے امارات منتقل کیا گیا۔کارروائی ایک ماہ طویل خفیہ نگرانی اور انٹیلی جنس آپریشن کے بعد عمل میں لائی گئی، جس کے دوران مختلف ریاستوں میں ملزمان کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا گیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 56 کلوگرام سے زائد منشیات، 8 ہزار سے زائد نشہ آور گولیاں اور حشیش آئل سے بھرے الیکٹرانک سگریٹس بھی برآمد کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 33 لاکھ درہم سے زائد بتائی گئی ہے۔اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملک میں منشیات کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور معاشرتی تحفظ کو یقینی بنانے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے، جبکہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے سرحد پار جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

