امریکا، ایران کشیدگی، خام تیل کی قیمتیں 4 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

لندن (رائٹرز)امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی اور جوابی کارروائیوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں چار ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.68 ڈالر یا تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 84.98 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 1.65 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 79.79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ کاروباری روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 9.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو مئی 2020ء کے بعد ایک ہی دن میں سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا ہے۔