واشنگٹن (رائٹرز) امریکا میں فضائی نظام کا بحران دوسرے روز بھی برقرار رہا، ہفتے کے روز 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوگئیں، جس کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے۔
امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی کی جانب سے جمعے کو ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کے فیصلے کے بعد فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا تھا۔ یہ پابندی فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت لگائی گئی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً پانچ گھنٹے تک ملک بھر سے پروازوں کی روانگی معطل رہی۔
حکام نے جمعے کی شب پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی تھی، تاہم ہفتے کو بھی فضائی نظام معمول پر نہ آسکا۔ طیاروں اور عملے کی مختلف ہوائی اڈوں پر عدم دستیابی، پروازوں کے نظام الاوقات میں تبدیلی اور ہوائی اڈوں پر رش کے باعث منسوخیوں اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی کے ایک ٹھیکے دار کے مرکز میں مواصلاتی نظام کی تبدیلی کے دوران نصب کیے گئے روٹر نے غیر معمولی تعداد میں رابطوں کی کوششیں شروع کردیں، جس سے فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام پر اضافی بوجھ پڑا اور ریڈار و رابطہ کاری کے نظام متاثر ہوئے۔
شان ڈفی کے مطابق پرانے تانبے کی تاروں کی جگہ فائبر آپٹک نظام نصب کرنے کا کام جاری تھا۔ متعلقہ ٹھیکے دار ایل تھری ہیرس کے نظام میں خرابی کے باعث مختلف فضائی کنٹرول مراکز متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکام اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ خرابی آلات کی تنصیب میں غلطی کے باعث پیدا ہوئی یا روٹر میں تکنیکی نقص تھا۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک بھر میں فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ حکام نے فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام کو جدید بنانے کے لیے کانگریس سے 50 ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
امریکی وزیر داخلہ مارک وین مولن نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں سائبر حملے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
فضائی بحران کے باعث بڑی فضائی کمپنیوں کو بھی اپنے نظام الاوقات تبدیل کرنا پڑے۔ متعدد طیارے اور عملہ مقررہ مقامات پر موجود نہ ہونے کے باعث پروازوں کی بحالی کا عمل سست روی کا شکار رہا۔ حکام کے مطابق فضائی نظام کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

