تہران( ایرانی میڈیا، سرکاری بیان)ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نہ تو جنگ بندی کے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہیں اور نہ ہی مذاکرات پر حقیقی یقین رکھتے ہیں۔
تہران سے جاری اپنے بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ بحری ناکہ بندی اور اسرائیل کی امریکی حمایت نے خطے میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو جائز ہدف بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ لبنان میں معاہدوں کی خلاف ورزیاں اور بحری ناکہ بندی اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکا اور اسرائیل طاقت کے استعمال کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں حالیہ پیش رفت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ جنگ بندی اور سفارتی معاہدوں کے حوالے سے مغربی ممالک اور اسرائیل کے طرزِ عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔
باقر قالیباف کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ فوجی کارروائیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران مسلسل امریکا اور اسرائیل پر بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔

