امریکا خلاف ورزی جاری رکھتا ہے تو ہم بھی ایم او یو کا احترام ترک کر دینگے: ایران

نیویارک:(رائٹرز / اقوام متحدہ)اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزیاں جاری رکھیں تو ایران بھی اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند نہیں رہے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر سعید ایراوانی نے کہا کہ ایران ایم او یو پر مکمل عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے، تاہم یہ اسی صورت ممکن ہے جب امریکا بھی اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری کرے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے 7 اور 8 جولائی کو ایران کے جنوبی علاقوں اور بعض جزیروں پر حملے کر کے اقوام متحدہ کے چارٹر اور ایم او یو دونوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ اگر امریکا اپنی ذمہ داریوں سے مسلسل انحراف کرتا رہا تو ایران بھی ایم او یو کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کا پابند نہیں رہے گا۔

امیر سعید ایراوانی کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی قوانین اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے، تاہم کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد دوطرفہ ذمہ داری ہے اور اس کی یکطرفہ پابندی ممکن نہیں۔