امریکا میں تھینکس گیونگ پر شدید طوفان، بارش اور تیز ہواؤں نے معمولات زندگی درہم برہم کردئیے

واشنگٹن (رائٹرز، اے پی) امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر شدید موسمی طوفان، موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں نے مختلف ریاستوں میں معمولات زندگی متاثر کردیے۔ مشرقی ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، درخت اور بجلی کی تاریں گرنے سے لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ ہزاروں پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

امریکی مشرقی ساحل پر آنے والے طاقتور طوفان کے باعث نیو جرسی، نیویارک، میری لینڈ، ورجینیا اور پنسلوانیا سمیت متعدد ریاستوں میں شدید بارش اور سیلاب نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ بعض علاقوں میں سڑکیں زیرآب آگئیں اور گاڑیوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار بعض مقامات پر 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس سے درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات پیش آئے۔ جمعرات کی رات تک تقریباً 9 لاکھ 8 ہزار بجلی صارفین بجلی سے محروم تھے، جبکہ متاثرہ صارفین کی تعداد ایک موقع پر 9 لاکھ 61 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا۔ فلائٹ ٹریکنگ ادارے کے اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کو امریکا آنے اور جانے والی یا ملک کے اندر سفر کرنے والی 454 پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار 411 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ واشنگٹن اور نیویارک کے ہوائی اڈوں پر زیادہ مشکلات سامنے آئیں۔

طوفان کے باعث نیویارک میں تھینکس گیونگ ڈے کی مشہور سالانہ میسیز پریڈ بھی پہلی مرتبہ موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کردی گئی۔ اس سال پریڈ کی 100ویں سالگرہ تھی اور اب اسے 28 نومبر بروز ہفتہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق بڑے غباروں کو تیز ہواؤں میں اڑانا شرکا اور تماشائیوں کے لیے خطرناک ہوسکتا تھا۔

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں۔ شہر کے بعض نشیبی علاقوں میں سمندری مدوجزر کے باعث پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب امریکی مغربی ساحل پر بھی تیز لہروں اور غیر معمولی بلند سمندری مدوجزر نے ساحلی علاقوں کو متاثر کیا۔ کیلیفورنیا کے بعض علاقوں میں سیلابی پانی کے باعث انخلا کی کارروائیاں بھی کی گئیں، جبکہ وسط مغربی ریاستوں میں برف باری اور برفانی بارش سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو مشرقی علاقوں میں بارش کی شدت میں کمی آنے اور حالات بتدریج بہتر ہونے کی توقع تھی، تاہم تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کا خطرہ برقرار رہا۔ نیو جرسی سے ورجینیا تک بعض ساحلی علاقوں میں سیلاب سے متعلق انتباہ جاری رہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں، سیلابی پانی میں گاڑیاں چلانے سے گریز کریں اور بجلی کی گری ہوئی تاروں اور درختوں سے دور رہیں۔