جنوبی پنجاب صوبے کا حامی ہوں، پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں: بلاول بھٹو

ملتان (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حامی ہیں، تاہم پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی بات انہوں نے کبھی نہیں سنی اور نہ ہی وہ اس کے حق میں ہیں۔

ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور سندھ اسمبلی کے فیصلے کو بھی تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف تمام صوبوں کے حوالے سے یکساں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام پر اتفاق رائے موجود ہے، تاہم پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ان کے علم میں نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پنجاب کی تقسیم کے حامی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف 10 سے زائد مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے، اس لیے سندھ کی تقسیم کے معاملے پر کسی ریفرنڈم یا متنازع اقدام کی ضرورت نہیں۔