میناب اسکول کے 168 بچوں کو کبھی نہیں بھولیں گے:ایرانی صدر

تہران (ڈان نیوز، خبر ایجنسیاں) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران میناب اسکول پر حملے اور اس میں جاں بحق ہونے والے 168 بچوں کو کبھی نہیں بھولے گا، امریکی حکومت اور اسرائیلی حکومت ان بچوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس سے بڑا کوئی دکھ نہیں کہ ایک باپ کو اپنے اس بچے کو دفن کرنا پڑے جسے ابھی اس کی بانہوں میں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ میناب کے 168 مقتول بچوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری امریکی حکومت اور اسرائیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم اس واقعے کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ یہ ظلم انسانی حقوق کے تحفظ کا دعویٰ کرنے والوں کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری 2026 کو ایران کے جنوبی شہر میناب میں شجرہ طیبہ گرلز ایلیمنٹری اسکول پر حملہ ہوا تھا، جس میں ایرانی حکام کے مطابق 168 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں بڑی تعداد طالبات کی تھی۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی مشن نے ستمبر میں جاری اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر یہ سمجھنے کی معقول وجوہات موجود ہیں کہ اسکول پر حملہ امریکی افواج نے کیا تھا۔