ابوجا (رائٹرز) نائجیریا کی وسطی ریاست پلیٹو میں مسلح افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے کم از کم 17 افراد کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا۔رائٹرز کے مطابق ریاست پلیٹو کے پولیس ترجمان الفریڈ الابو نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مقامی حکومت کے علاقے باسا کے گاؤں تافی گانا پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس کے پہنچنے پر حملہ آور فرار ہوگئے۔
ریاستی حکومت کے ترجمان جوائس لوہیا رامناپ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جوابی کارروائی سے گریز کریں اور اشتعال انگیز بیانات یا غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے باز رہیں، کیونکہ اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
نائجیریا کے وسطی علاقے میں واقع ریاست پلیٹو کئی برس سے مختلف برادریوں کے درمیان زمین، مویشیوں کے لیے چراگاہوں اور قدرتی وسائل کے تنازعات کے باعث تشدد کا شکار ہے۔ ان تنازعات میں نسلی اور مذہبی اختلافات بھی شدت کا سبب بنتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال اگست میں بھی ریاست پلیٹو کے ایک دوسرے گاؤں پر رات کے وقت حملے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

