امریکا میں موجودگی کے دوران نیتن یاہو کو گرفتار نہیں ہونے دیں گے: ٹرمپ

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں موجودگی کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جبکہ ان کے بقول اصل گرفتاری ایران کی قیادت کی ہونی چاہیے، جسے انہوں نے خطے میں خونریزی اور تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔

ٹرمپ کا یہ بیان نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نیتن یاہو کی ممکنہ نیویارک آمد کی صورت میں ان کی گرفتاری کے قانونی امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ظہران ممدانی نے کہا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے جنگی جرائم کے الزامات کے بعد نیتن یاہو کا مقام دی ہیگ ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آ سکتے ہیں۔

نیویارک کے میئر نے یہ بھی کہا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا انہیں نیتن یاہو جیسے کسی غیر ملکی رہنما کی گرفتاری کے لیے نیویارک پولیس کو ہدایات جاری کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے یا نہیں۔