امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے سفری الرٹ جاری کر دیا

واشنگٹن (رائٹرز) امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے سفری الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں محتاط رہنے اور سیکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران امریکا کی بعض سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران کی حمایت یافتہ گروہ بیرون ملک امریکی شہریوں، سفارتی عملے اور امریکی مفادات پر حملے کر سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سفری الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور کشیدگی میں کسی بھی وقت اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے امریکی شہری غیر معمولی احتیاط برتیں۔

یہ سفری الرٹ ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی فوجی جھڑپوں میں شدت آ چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں دو امریکی فوجی ہلاک، ایک لاپتا جبکہ درجنوں ایرانی شہری بھی مارے گئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں مقیم امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں، اپنے اردگرد کی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔تاہم امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو کسی مخصوص ملک کو فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت نہیں دی اور نہ ہی بین الاقوامی سفر پر کوئی عمومی پابندی یا محدودیت عائد کی ہے۔