امریکا کا ساتھ نہ دینے پر اٹلی میں جارجیا میلونی کی مقبولیت کم ہو رہی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(امریکی میڈیا، سوشل میڈیا بیانات)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی اپنے ملک میں مقبولیت میں کمی واقع ہو رہی ہے، اور اس کی ایک وجہ ان کا بعض بین الاقوامی معاملات میں امریکا کے ساتھ مکمل تعاون نہ کرنا ہو سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جارجیا میلونی سے متعلق یہ مؤقف دہرایا کہ جی سیون اجلاس کے دوران انہوں نے ان کے ساتھ تصویر بنوانے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں بعض اہم معاملات پر امریکا کے ساتھ تعاون سے گریز کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اٹلی نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے معاملے پر امریکا کا ساتھ نہیں دیا، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان بعض پالیسی اختلافات سامنے آئے۔

ٹرمپ کے مطابق اٹلی کی جانب سے امریکا کو اپنی فضائی حدود اور رن ویز استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے سے بعض فوجی اور لاجسٹک امور میں مشکلات پیش آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اپنے نیٹو اتحادیوں کی دفاعی ضروریات پر ہر سال بھاری رقم خرچ کرتا ہے، اس کے باوجود بعض ممالک مکمل تعاون نہیں کرتے۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ علاقائی صورتحال کے بعد جارجیا میلونی دوبارہ امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنا سکیں، تاہم وہ اس مؤقف سے متفق نہیں ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سیاست میں امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان بعض امور پر اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔