واشنگٹن (ایجنسیاں)امریکا میں برطانیہ کے سفیر سر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ امریکا کے خصوصی تعلقات برطانیہ کے ساتھ نہیں بلکہ اسرائیل کے ساتھ ہیں۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سر کرسچن ٹرنر نے امریکا کے سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھیوں کو اب تک قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جا سکا۔
رپورٹ کے مطابق یہ گفتگو رواں سال فروری میں ایک پروگرام کے دوران ریکارڈ کی گئی، جس میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان “خصوصی تعلقات” کی اصطلاح سے اتفاق نہیں کرتے، اگرچہ تاریخی طور پر دونوں ممالک کے روابط مضبوط رہے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفیر کی ذاتی رائے ہے اور حکومت کی سرکاری پالیسی کی عکاسی نہیں کرتی۔واضح رہے کہ سر کرسچن ٹرنر کو رواں سال کے آغاز میں امریکا میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ ان سے قبل برطانیہ نے اپنے سابق سفیر پیٹر منڈلسن کو الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

