امریکی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں:ایران کی شدید مذمت

تہران( ایرانی وزارتِ خارجہ، ارنا، تسنیم)ایران کی وزارتِ خارجہ نے ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں پر ہونے والے تازہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بہیمانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکی حکومت کے حالیہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری نہیں کرتی، جبکہ عہد شکنی اس کی پالیسی کا حصہ بن چکی ہے۔

ایران نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکی فوجی جارحیت کے خلاف اپنی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔