امریکی حکام خطے کو فوجی دھمکیاں دینا بند کریں:مسعود پزشکیان

تہران (ایرانی سرکاری میڈیا، بین الاقوامی خبر رساں ادارے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا سمیت دیگر مغربی حکام کو خطے کو فوجی دھمکیاں دینا بند کر دینا چاہیے۔

عراقی وزیراعظم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمان پہلے ہی خدا کے سامنے جھکے ہوئے ہیں، اس لیے کوئی اور طاقت انہیں جھکا نہیں سکتی۔صدر پزشکیان نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں افراتفری، جبر اور ناانصافی بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ طاقت کو سیاست کا محور بنا دینا ہے۔

ان کے مطابق اخلاق کے بغیر طاقت بے معنی ہے، جبکہ ایران خود کو ایک بااخلاق اور ذمہ دار طاقت کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ بعض مخالف قوتیں غیر ذمہ داری اور بے لگام رویے کی علامت بن چکی ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں۔