امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایران میں تنصیبات اور ڈرونز پر کارروائی کا دعویٰ

واشنگٹن / تہران(امریکی سینٹرل کمانڈ، ایرانی پاسدارانِ انقلاب، بین الاقوامی میڈیا)امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے چار ڈرونز مار گرائے ہیں اور ایک مبینہ مینوفیکچرنگ تنصیب پر بھی حملہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اس تنصیب میں مبینہ طور پر پانچ ڈرونز کی تیاری یا تعیناتی جاری تھی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کی گئی۔امریکی فوجی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے کویت کی سمت ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا، جسے کویتی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی سے قبل ایران نے پانچ خودکش ڈرونز فائر کیے، تاہم آبنائے ہرمز اور اس کے آس پاس موجود امریکی اہداف کیلئےخطرہ بننے والے ڈرونز کو مار گرایا گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق بندر عباس میں موجود ایک ایرانی زمینی کنٹرول مرکز سے چھٹے ڈرون کی لانچنگ کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جس امریکی اڈے سے ایران پر حملہ کیا گیا تھا اس کے خلاف جوابی کارروائی کی گئی ہے، جبکہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین جہازوں کو روکنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔خطے میں حالیہ پیش رفت کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔