ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کی حکمران پروگریسو کنزرویٹو پارٹی کی رہنما اور صوبائی وزیر کیرولین ملرونی نے کابینہ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔کیرولین ملرونی نے اپنے عوامی خط میں کہا کہ وہ 5 جون کو عہدہ چھوڑ دیں گی اور اب اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنا چاہتی ہیں۔
وہ 2018ء میں وزیرِ اعلیٰ ڈگ فورڈ کی پہلی حکومت کے ساتھ منتخب ہوئی تھیں اور مختلف اہم وزارتوں، جن میں اٹارنی جنرل، ٹرانسپورٹ، فرانسیسی امور اور ٹریژری بورڈ کی صدارت شامل ہے، پر خدمات انجام دیتی رہیں۔

کیرولین ملرونی نے اپنے خط میں کہا کہ دو سال قبل اپنے والد اور سابق کینیڈین وزیرِ اعظم برائن ملرونی کے انتقال اور بچوں کے گھر سے الگ ہو جانے کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب عوامی زندگی سے الگ ہو کر نئی زندگی شروع کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
اونٹاریو اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان کی خدمت ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں شامل رہی اور وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ عوام کیلئےکیے گئے کام پر فخر محسوس کرتی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ ڈگ فورڈ نے کہا کہ کیرولین ملرونی نے پرسکون اور مضبوط قیادت فراہم کی جبکہ سیاست ان کے خون میں شامل ہے اور کنزرویٹو تحریک مستقبل میں بھی ان کے خیالات سے فائدہ اٹھاتی رہے گی۔
ڈگ فورڈ نے اعلان کیا کہ وزیرِ خزانہ پیٹر بیتھلن فیلوی عبوری طور پر ٹریژری بورڈ کے صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ نتالیہ کوسینڈووا باشٹا فرانسیسی امور کی نئی وزیر ہوں گی۔کیرولین ملرونی کے استعفے کے بعد ان کے حلقے یارک سمکو میں ضمنی انتخاب بھی کرایا جائے گا۔

