اوٹاوا :ایشین ہیریٹیج منتھ، سینیٹ آف کینیڈا میں پاکستان ایونٹ کا انعقاد

اوٹاوا( نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں ایشین ہیریٹیج منتھ کی تقریبات کے سلسلے میں سینیٹ آف کینیڈا کی عمارت میں “پاکستان” کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان نے کیا.تقریب میں تقریباً 80 مہمانوں نے شرکت کی جن میں سینیٹرز، ارکانِ پارلیمنٹ، کینیڈین شخصیات، سفارتی نمائندے، پاکستانی کمیونٹی اور مقامی میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کے ثقافتی ورثے، فنون، سیاحت، ایڈونچر اسپورٹس اور روایتی کھانوں پر مبنی تشہیری مواد اور خصوصی ویڈیو کلپ پیش کیا گیا۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ آف کینیڈا جیسے باوقار ادارے میں پاکستان ایونٹ کا انعقاد دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے خوش آئند ہے۔انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کی پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے روابط بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت اور سیاحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔