اوٹاوا( نمائندہ خصوصی) رکنِ پارلیمنٹ روبی سہوتا نے اونٹاریو پروونشل پولیس (OPP) کے چیف سپرنٹنڈنٹ کیون نیئر سے ملاقات کی، جس میں جرائم کی روک تھام سے متعلق موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بل C-22 کی فوری منظوری ضروری ہے کیونکہ موجودہ قوانین 1990 کی دہائی کے ہیں اور جدید جرائم سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہو چکے ہیں۔حکام کے مطابق انسانی اسمگلر، بچوں کا استحصال کرنے والے عناصر اور بھتہ خور گروہ ان قانونی خلا سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ایک قدم آگے ہیں۔
بل C-22 کے تحت تفتیشی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اور قانونی اختیارات فراہم کیے جائیں گے، جس سے ملزمان کی جلد شناخت اور گرفتاری ممکن ہو سکے گی اور مزید متاثرین کو نقصان سے بچایا جا سکے گا۔یہ بھی کہا گیا کہ کینیڈا فائیو آئیز اتحاد کا واحد ملک ہے جہاں جدید قانونی رسائی کے مکمل اختیارات موجود نہیں، جس کے باعث سیکیورٹی اداروں کو مشکلات درپیش ہیں۔

