اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) اوٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن نے “2026 وائی ایم سی اے ایمبیسی شیف شوکیس” میں شرکت کرتے ہوئے روایتی پاکستانی کھانوں کی بھرپور نمائش کی۔یہ رنگا رنگ تقریب وائی ایم سی اے کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی جس میں 15 مختلف سفارتی مشنز کے شیفز نے دوستانہ مقابلے کے ماحول میں اپنے اپنے ممالک کے قومی کھانے پیش کیے۔

پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے روایتی پکوانوں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی، جنہوں نے پاکستانی کھانوں کے منفرد ذائقوں، خوشبودار مصالحوں اور ثقافتی پہلوؤں کو بے حد سراہا۔یہ سالانہ ایمبیسی شیف شوکیس ایونٹ دنیا بھر کے مختلف ذائقوں کو ایک جگہ متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ کھانوں کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ثابت ہوا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوڈ ڈپلومیسی ثقافت کو اجاگر کرنے اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں پاکستان کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے اور مختلف ممالک کے عوام کے درمیان قربت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

