او آئی سی نے بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا

جدہ ( او آئی سی، رائٹرز، اے ایف پی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور او آئی سی کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے بار بار حملے، تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹ ڈالنے کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

او آئی سی نے ایران کے حملوں سے متاثرہ ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم ان ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ بحری جہازوں پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہیں، جبکہ کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور اردن پر مبینہ ایرانی حملے ان ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے منافی ہیں۔