ایران امریکا کشیدگی:پاکستان کی سفارتکاری قابلِ تحسین ہے:مخدوم سید احمد محمود

ملتان(محمد سلیم مغل سے)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی پیش رفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم اور خوش آئند ہے۔

مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ آصف علی زرداری، شہباز شریف، سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے دانشمندانہ حکمت عملی اور فعال سفارتکاری کے ذریعے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر منوایا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی ایک بڑے انسانی المیے کی صورت اختیار کر سکتی تھی، تاہم پاکستان نے بروقت سفارتی اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں کلیدی کردار ادا کیا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

رہنماؤں کے مطابق جنگ بندی کے لیے دو ہفتوں کی مہلت ایک سنہری موقع ہے جس کے دوران پاکستان کی قیادت کی زیر نگرانی بامقصد مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں، جو عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے ایرانی عوام کے حوصلے اور یکجہتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ان کا عزم قابلِ تقلید ہے، جبکہ امن کے حق میں آواز اٹھانے والے دیگر ممالک اور عوام کو بھی سراہا گیا۔

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ امن، استحکام اور مکالمے پر یقین رکھتا ہے اور ذمہ دار قیادت کے ذریعے بڑے بحرانوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔آخر میں انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کو عالمی امن میں کردار پر نوبل امن انعام کے لیے زیر غور لایا جائے۔