ایران اور امریکا کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات سامنے آ گئیں

تہران ( ایرانی خبر ایجنسی)ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن میں جنگ بندی، پابندیوں میں نرمی، ایران کی تعمیرِ نو اور منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت مختلف امور شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مسودے کے تحت ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی 30 روز کے اندر مرحلہ وار ختم کی جائیگی جبکہ ایران کی تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر عائد پابندیوں کو بھی معطل کرنے کی تجویز شامل ہے۔ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق مسودے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی کی شق بھی شامل کی گئی ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ مفاہمت کے تحت امریکا اور اس کے اتحادی ایران کی تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے کم از کم 300 ارب ڈالر فراہم کرینگے جبکہ مذاکراتی عمل کے دوران ایران کے 24 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے بھی جاری کیے جائیں گے۔

مسودے کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے حتمی معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے کرائی جائیگی جبکہ حتمی معاہدے میں ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں مزاحمتی گروپوں کی حمایت جیسے معاملات شامل نہیں ہوں گے۔

تاہم ایرانی خبر ایجنسی کی جانب سے سامنے آنے والی ان تفصیلات کی امریکا یا کسی بین الاقوامی ادارے کی طرف سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ مجوزہ مفاہمتی مسودے کا مکمل سرکاری متن بھی جاری نہیں کیا گیا ہے، اسلئے ان نکات کو فی الحال ایرانی ذرائع کے دعووں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔