پیرس (ایجنسیاں)امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران میں زمینی فوج اتارے بغیر بھی امریکی مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ایران جنگ کے مہینوں کے بجائے ہفتوں میں ختم ہونے کی توقع ہے۔
جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی اہداف حاصل کرنے کے باوجود آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا ایک فوری چیلنج بن سکتا ہے۔مارکو روبیو کے مطابق امریکا جنگ کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی تعاون حاصل کرے گا۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر ٹول سسٹم نافذ کر سکتا ہے، جبکہ اس گزرگاہ کی بندش عالمی سطح پر خطرناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے دنیا کو پیشگی حکمت عملی تیار رکھنی چاہیے۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یوکرین کے لیے مختص ہتھیار اس وقت ایران کے خلاف استعمال نہیں کیے جا رہے، تاہم مستقبل میں اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

