تہران (ایجنسیاں) ایران نے امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کر رہا تھا، تاہم امریکا نے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحانہ اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں ایران نے بھی مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے تمام وعدوں پر عملدرآمد معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران مفاہمتی یادداشت کی کسی شق پر عمل نہیں کر رہا بلکہ اپنی تمام تر توجہ ملک کے دفاع پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران کا مؤقف واضح ہے اور امریکا کو اس کے اقدامات کا جواب مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ایران اپنی قومی سلامتی اور دفاع کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔

