ایران نے امریکی بحری جہازوں پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی

تہران/واشنگٹن( ایرانی میڈیا، سینٹ کام، بین الاقوامی میڈیا)ایران نے امریکی بحری جہازوں پر حملوں کی مبینہ ویڈیو جاری کر دی، جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے جزیرہ قشم اور بندرگاہ بندر عباس پر کارروائی کی تصدیق کی ہے۔

سینٹ کام کے مطابق ایرانی افواج نے امریکی بحری جہازوں کو میزائلوں، ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی جواب میں امریکا نے ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جہاں سے حملے کیے گئے تھے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میں امریکی بحریہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔دوسری جانب ایران کی مرکزی فوجی کمان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایرانی آئل ٹینکر اور بحری جہاز پر حملہ کیا، جس کے جواب میں ایرانی فورسز نے امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا اور انہیں نقصان پہنچایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کی ویڈیو میں سمندر میں فوجی کارروائیوں اور میزائل فائرنگ کے مناظر دکھائے گئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔