ماسکو (آر آئی اے نووستی/تاس) روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکی میزائل دفاعی نظام کا مؤثر توڑ نکال لیا ہے اور اسی نئی صلاحیت کے ذریعے حالیہ حملوں میں اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے نئے میزائل انتہائی تیز رفتاری سے اپنے ہدف کی جانب بڑھتے ہیں اور ہدف تک پہنچنے سے قبل متعدد بار اپنی پرواز اور سمت تبدیل کرتے ہیں، جس سے انہیں روکنا میزائل دفاعی نظام کے لیے زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پینٹاگون اس بات پر تشویش کا شکار ہے کہ تہران حساس فوجی اہداف کو اتنی زیادہ درستگی سے کس طرح نشانہ بنانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔
یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ اردن میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک، چار زخمی جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہوا۔ تاہم امریکی حکام نے ایرانی میزائلوں کی نئی ٹیکنالوجی یا روسی میڈیا کے دعوؤں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

