ایران نے جہازوں پر حملے کیے تو اسے دنیا کے نقشے سے مٹا دینگے:ٹرمپ

واشنگٹن (رائٹرز، اے ایف پی، سی این این، فاکس نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تحت جہازوں پر حملے کیے تو اسے دنیا کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے مذاکرات میں کافی لچک کا مظاہرہ کیا ہے تاہم خطے میں امریکا کی فوجی تیاری مکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس اعلیٰ معیار کے ہتھیار، گولہ بارود اور جدید ساز و سامان موجود ہے جبکہ دنیا بھر میں قائم امریکی اڈے مکمل طور پر لیس ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ضرورت پڑنے پر اس تمام عسکری صلاحیت کو استعمال کرے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تناظر میں بعض غیر متعلقہ ممالک کو بھی نشانہ بنایا، جن میں جنوبی کوریا کا ایک مال بردار جہاز بھی شامل ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ جنوبی کوریا بھی اس مشن میں شامل ہو۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کی 7 تیز رفتار کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے اور اس وقت تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔