تہران/واشنگٹن( ایرانی خبر ایجنسی، امریکی سینٹرل کمانڈ، بین الاقوامی میڈیا)ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج عمان میں ایرانی بحریہ نے امریکی جنگی جہازوں کو خبردار کرنے کے لیے انتباہی میزائل اور ڈرون فائر کیے، جس کے بعد امریکی جنگی جہاز علاقے سے نکل کر بحرِ ہند کی جانب چلے گئے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی امریکی بحری جہازوں کو وارننگ دینے کے لیے کی گئی تھی۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی افواج نے امریکی جنگی جہازوں پر نہ کوئی حملہ کیا اور نہ ہی فائرنگ کی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اگر ایرانی افواج کی جانب سے ایسی کوئی کارروائی کی جاتی تو اسے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا۔واقعے سے متعلق دونوں ممالک کے مؤقف میں واضح تضاد پایا جاتا ہے اور آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔

