تہران(ارنا، رائٹرز، الجزیرہ)ایران نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سمیت دیگر امریکی رہنماؤں کے قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکوروبیو کے سینیٹ میں دیے گئے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ’’ان کا ہر الزام دراصل ایک اعتراف ہے۔ مظلوم بننے کی کوششیں ایران کے خلاف ان کے سفاکانہ جنگی جرائم، نسل کشی کے اقدامات اور انسانیت کیخلاف جرائم کو نہیں چھپا سکتیں۔‘‘
ترجمان نے مزید کہا کہ تہران امریکی حکام کے الزامات کو سیاسی پروپیگنڈا سمجھتا ہے اور انہیں حقائق کے منافی قرار دیتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی حکام کی جانب سے حالیہ دنوں میں ایران پر سابق اور موجودہ امریکی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزامات دہرائے گئے تھے، جنہیں ایران مسلسل مسترد کرتا آیا ہے۔

