ایران کا آبنائے ہرمز میں ایم کیو-9 ریپر ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

تہران(پاسدارانِ انقلاب، خبر ایجنسیاں) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر نصب فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ایک ایم کیو-9 ریپر ڈرون مار گرایا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب سے منسلک خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے ایک ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو نشانہ بنایا۔آئی آر جی سی کے مطابق ڈرون کو آبنائے ہرمز کے علاقے میں نصب ایک جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک کر مار گرایا گیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کے فضائی یونٹ نے انجام دی۔رپورٹ کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ بغیر پائلٹ طیارہ کہاں سے پرواز کر کے آیا تھا، تاہم ایم کیو-9 ریپر ڈرون بنیادی طور پر امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایران 30 سے زائد امریکی ریپر ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ کر چکا ہے۔