تہران(ایرانی میڈیا، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر)ایران نے امریکا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے خطے کے بعض ممالک کے تعاون سے ایرانی شہری علاقوں اور بحری اہداف کو نشانہ بنایا۔
خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان کے مطابق امریکا نے خمیر، سرک اور قشم جزیرے کے ساحلی علاقوں پر فضائی حملے کیے۔ایرانی فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ جسک کے علاقے سے آبنائے ہرمز کی جانب بڑھنے والے ایک ایرانی آئل ٹینکر اور فجیرہ بندرگاہ کے قریب آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایرانی فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے اور چابہار بندرگاہ کے جنوب میں موجود امریکی فوجی جہازوں پر حملے کیے، جن سے امریکی بحری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بغیر ہچکچاہٹ بھرپور جواب دے گا۔دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایرانی الزامات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

