تہران / واشنگٹن(رائٹرز، اے ایف پی، ایرانی میڈیا، امریکی سینٹرل کمانڈ)ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عُمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق عُمان کی بندرگاہ دُقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن کی تنصیبات پر شدید حملہ کیا گیا۔
ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ قطر کے العدید فضائی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن سے جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا مرکز اور ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تباہ ہوگیا۔
ایرانی فوج کے مطابق کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے زیر استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گوداموں اور ریڈار تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ اردن کے سلطان حسن ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگر کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
تاہم ایران کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکا یا متعلقہ ممالک کی جانب سے فوری طور پر ان حملوں کے نقصانات کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

