ایران کی بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات پر مزید کارروائیاں

دبئی/واشنگٹن (رائٹرز) ایران نے اہواز میں بچوں کے کینسر اسپتال اور ایلام میں زائرینِ کربلا کیلئے پانی کی تنصیب پر امریکی حملوں کے جواب میں بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر مزید میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے فضائی نگرانی اور کنٹرول ریڈارز، فضائی دفاعی نظام اور جنگی طیاروں کے ایندھن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق کویت کے علی السالم فضائی اڈے پر بھی مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں میں امریکی فوجی تنصیبات، سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور ابتدائی انتباہی ریڈار کو ہدف بنایا گیا۔ ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اردن کے الازرق ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور جنگی طیاروں کی تنصیبات پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے کویت کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو فلسطین، لبنان، ایران اور یمن کے خلاف امریکی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں اور خطے سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جنگ جاری ہے اور آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کے خاتمے سے مشروط ہے۔

امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی اہداف کی جانب میزائل اور ڈرون داغے، جبکہ متعلقہ ممالک کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم ایرانی دعوؤں میں بیان کردہ نقصانات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔