تہران(آئی آر آئی بی، مہر نیوز) ایران کی اعلیٰ مشترکہ عسکری کمان خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہٰی نے علاقائی ممالک کو امریکا کی حمایت سے گریز کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو ممالک امریکی افواج کیلئے دفاعی ڈھال بنیں گے، وہ بالآخر جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی اور مہر نیوز کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم ممالک کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، امریکا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور صف بندی پر ازسرِنو غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری صلاحیتوں کے باعث ان کی دولت، بنیادی ڈھانچے اور وسائل کو اپنے دفاعی حصار کے طور پر اور اسرائیل کی حمایت کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہٰی نے دعویٰ کیا کہ امریکا تیزی سے خطے کو ایک وسیع تر جنگ کی جانب دھکیل رہا ہے۔انہوں نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور ہم آہنگی کی پالیسی پر دوبارہ غور کریں۔

