ایران کے تقریباً 20 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری ہونگے:امریکی میڈیا

واشنگٹن/اسلام آباد(امریکی میڈیا رپورٹس)امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے پر غور جاری ہے جس کے تحت ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے بدلے جوہری پروگرام سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں متوقع ہے جہاں جنگ کے خاتمے کیلئےتین صفحات پر مشتمل ایک ابتدائی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔

تجویز ہے امریکا ایران کے تقریباً 20 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کریگا جبکہ اس کے بدلے ایران افزودہ یورینیم کے ذخائر ترک کریگا۔ابتدائی طور پر امریکا کی جانب سے خوراک اور ادویات کی خریداری کیلئے 6 ارب ڈالر جاری کرنے کی پیشکش کی گئی تھی،تاہم ایران نے 27 ارب ڈالر کے اجرا کا مطالبہ کیا جسےمسترد کر دیاگیا۔

امریکی مطالبے کے مطابق ایران اپنا تمام جوہری مواد امریکا منتقل کرے، تاہم ایران نے اس شرط کو قبول نہیں کیا اور اس کے بجائے ملک کے اندر ہی یورینیم کو کم افزودہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ممکنہ معاہدے کے تحت ایران کو طبی مقاصد کیلئےنیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر رکھنے کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے، جبکہ حتمی فیصلے کیلئےمزید مذاکرات جاری ہیں۔