سرگودھا (نمائندہ خصوصی)تنظیم المدارس کے صدر اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار مثالی ہے اور ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی ہے، اس معاملے میں کسی قسم کی تفرقہ بازی نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا میں امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تو نیٹو کے بھی بخیے ادھیڑ دیے ہیں۔انہوں نے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی محنت ان شاء اللّٰہ رنگ لائے گی اور اس سے پاکستان کا عالمی مقام مزید بلند ہوگا۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار نمایاں اور مثالی ہے۔پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر ہر صورت برقرار رہنا چاہیے، کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔

