نیوبرنزوک (مانیٹرنگ ڈیسک): کینیڈا میں ایمبولینس اور ٹرانسپورٹ ٹرک کے درمیان ہونیوالے خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو طبی امداد کارکنوں اور ایک مریض سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ٹرک ڈرائیور زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ منگل کی صبح کنفیڈریشن پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایمبولینس ایک مریض کو لے جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایمبولینس مخالف سمت میں جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرانسپورٹ ٹرک سے اس کا آمنا سامنا ہوگیا۔
حادثے میں 77 سالہ خاتون مریض، 56 سالہ مرد طبی امداد کارکن، جو ایمبولینس چلا رہے تھے، اور 23 سالہ خاتون طبی امداد کارکن موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی، جبکہ ٹرک ڈرائیور کو معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ایمبولینس اور ٹرک دونوں کو فنی معائنے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
طبی امدادی ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں طبی امداد کارکن دورانِ ڈیوٹی ایک مریض کو منتقل کر رہے تھے۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک حادثے سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کا احترام کیا جائے۔
صوبائی وزیرِاعظم روب لینٹز نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پورا صوبہ غمزدہ ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے طبی امداد کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں کی جان بچانے کے مشن پر تھے اور اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
دوسری جانب پڑوسی صوبے کی طبی امداد کارکنوں کی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ متاثرہ عملے کی مدد اور خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک حادثے کے مقام کے اطراف بعض سڑکیں بند رہیں گی۔

