بحرین نے اپنے شہریوں پر ایران اور عراق کے سفر پر پابندی عائد کر دی

منامہ( عرب میڈیا)بحرین نے اپنے شہریوں پر ایران اور عراق کا سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔بحرین کی وزارتِ داخلہ کے مطابق قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں کشیدہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث شہریوں کے ایران اور عراق جانے پر پابندی نافذ کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق موجودہ حالات میں دونوں ممالک کا سفر خطرات سے خالی نہیں، اس لیے بحرینی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پابندی پر مکمل عملدرآمد کریں۔

بحرین کی وزارتِ داخلہ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق پابندی کا مقصد ممکنہ خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنا اور قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔